کابل،26؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)افغانستان کے صوبہ غور کے حکام کا کہنا ہے کہ اپنے آپ کو دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم نے 30افراد کو یرغمال بنانے کے بعد ان کو قتل کر دیا ہے۔صوبہ غور کے حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ دولت اسلامیہ نے ان شہریوں کو اس وقت یرغمال بنایا جب وہ پہاڑوں پر لکڑیاں جمع کر رہے تھے۔حکام نے بتایا کہ ان شہریوں کو دولت اسلامیہ نے اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کیا جب مقامی افراد نے ان کو بچانے کی کوشش کی۔صوبہ غور کے ترجمان نے بتایا کہ مقامی افراد کی فائرنگ سے دولت اسلامیہ کا مقامی کمانڈر بھی ہلاک ہوا ہے۔گورنر ناصر خازے نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ افغانستان میں دولت اسلامیہ کی حمایت میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے اور کچھ علاقوں میں دولت اسلامیہ طالبان کی عملداری کو بھی چیلنج کر رہی ہے۔اطلاعات کے مطابق جنوری 2015سے افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان اور دولت اسلامیہ کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔